• news

چمن بارڈر کھل گیا، 50 سے زائد خوردنی اشیا سے لدے ٹرک افغانستان چلے گئے

کوئٹہ(صباح نیوز+آن لائن)چمن بارڈر پر باب دوستی سے مال بردار ٹرک افغانستان روانہ ہو گئے ۔کسٹم حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 50 سے زائد خوردنی اشیا کے ٹرک افغانستان روانہ ہوئے ،جبکہ پاکستان سے ٹرانزٹ ، ایکسپورٹ کے ٹرک اور کنٹینرز جائیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان جانے والے ٹرکوں میں فریش فروٹ اور سبزی شامل ہے۔کسٹم حکام کے مطابق کنٹینرز اور ٹرکوں کی گزشتہ روز کلیئرنگ کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر باب دوستی20 روز سے بند تھا اور گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اس کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔آن لائن کے مطابق کرونا وائر س سے خطرات کے پیش نظر پاک ا فغان بارڈر بندش سے 2سو سے زائد پاکستانی گاڑیاں پھنس گئیں آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن شمالی وزیر ستان کے صدر نور علی خان ، اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہماری ڈھائی سو کے قریب گاڑیاں، سینکڑوں ڈرائیور اور کنڈکٹر افغانستان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ عملے کے ارکان کئی دنوں سے وہاں بے سر و سامانی کی حالت میں پڑے ہوئے ہیں ۔ سینکڑوں ڈرائیوروں کی زندگی خطرے میں ہے، پاک افغان بارڈر پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر انہیں سکریننگ کے بعد پاکستان لایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن