کرونا سے ہلاکتیں، بھارت میں آج جنتا کرفیو
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آج 22 مارچ کو ’جنتا کرفیو‘ کا اعلان کیا ہے۔ یورپی ملک اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس کے بعد چین، ایران، سپین اور فرانس میں ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں۔ ہمسایہ ملک بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں 4 ہلاکتیں کرناٹک، دہلی، مہاراشٹرا اور پنجاب میں ہوئی ہیں جبکہ بھارتی وزرات صحت کی جانب سے بھی 318 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب میں عوامی کرفیو (جنتا کرفیو) کا اعلان کیا اور شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ جنتا کرفیو آج صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ہوگا جس دوران تمام شہری گھروں میں رہیں گے۔ بھارتی وزیراعظم کے اعلان کے بعد فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت دیگر نے بھی جنتا کرفیو کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور عوام سے بھی کرفیو کی پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔ اْدھر بھارتی وزیراعظم کے اعلان کے بعد بھارتی وزارت ریلوے نے بھی کرفیو کے دوران ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث ملک میں کوئی ٹرین ٹریک پر نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ بھارتی ائیرلائنز نے بھی فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ٹھانی ہے جس کے باعث کئی فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔کرونا وائرس کے باعث دہلی میں جاری متنازع شہریت قانون کے خلاف جاری احتجاج بھی روک دیا گیا ہے۔ جامعہ ملیہ دہلی کے طلبہ کی جانب سے احتجاج کو عارضی طور پرمؤخر کیا گیا ہے۔ اْدھر بھارت میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 111 لیب بنائی گئی ہیں جن میں کرونا کی تشخیص کی جارہی ہے۔کئی ریاستوں میں تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز اور پارکس بند کردیے گئے جبکہ سیاحتی مقام گوا میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔