جرمن وزیر خارجہ کو فون قرض ادائیگی میں ریلیف دیا جائے: شاہ محمود
اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران پر پابندیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ اس وقت کرونا کی وجہ سے ایران شدید مشکلات کا شکار ہے۔ جاری بیان کے مطابق انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ سے بات ہوئی تو انہوں نے بھی یہی درخواست کی کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جائے۔ پاکستان نے انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کیلئے اپنی کاوشوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا بلاول کی پیشکش خوش آئند‘ تمام جماعتیں کرونا پر ایک دوسرے کو ساتھ لیکر چلیں۔ شاہ محمود قریشی کا جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ جرمنی میں کرونا وائرس کے باعث ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہار تعزیت کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے جرمن ہم منصب کو کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے، پاکستان کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے جرمن وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کے باعث کشمیری عوام کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل کرفیو کے باعث، غذا اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے جرمن ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک جو قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اس وقت درپیش عالمی تناظر میں ان کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل کو اس عالمی وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے بروئے کار لا سکیں۔ جرمن وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ وہ قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف اور ایران پر عائد پابندیوں کو ہٹانے کا معاملہ اگلے ہفتے منعقد ہونے والی جی 7 وزرائے خارجہ کانفرنس اور یورپی یونین فارن منسٹرز کانفرنس میں اٹھائیں گے۔ پاکستان اور نیپال کے درمیان سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ کمار گیاوالی میں مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ ہوا۔ تہنیتی پیغامات میں دونوں وزراخارجہ نے باہمی اعتماد، خیالات کی ہم آہنگی اور عوامی رابطوں پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔