• news

نوائے وقت نے کشمیریوں کی آواز دنیا کے ہر کونے میں پہنچائی: جسٹس(ر) ارشاد حسن

لاہور ( نیوز رپورٹر) سابق چیف جسٹس، جسٹس (ر) ارشاد حسن خاں نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی آزادی سے لگن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری دنیا کی واحد قوم ہے جس کی تحریک آزادی کی مدت آٹھ دہائیوں پرمشتمل ہے۔ انھوں نے اس راہ میں ایک لاکھ سے زیادہ پیاروں کی جانی قربانیاں پیش کیں ۔ جسٹس ارشاد حسن خاں نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ دنیا میں آزادی ، بنیادی انسانی حقوق اور جمہوریت کے نام نہاد علمبردار مغربی ملکوں نے محض غاصب بھارت کو خوش رکھنے کی خاطر کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کو نظر اندازکر رکھا ہے ۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کی خاطر جنگیں لڑیں اور بیش بہا قربانیاں دیں۔ اس حوالے سے روزنامہ نوائے وقت نے کشمیریوں کی آوازکو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نوائے وقت کے بانی حمید نظامی(مرحوم)، معمار نوائے وقت مجید نظامی (مرحوم) اور مدیر اعلیٰ رمیزہ نظامی کی خدمات کے مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی معترف ہیں اور وہ نوائے وقت کو اپنی آواز سمجھتے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنما اور بالخصوص بزرگ لیڈر سید علی گیلانی اپنے بیانات میں کئی بار اس کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ معمار نوائے وقت مجید نظامی(مرحوم)کی رحلت کے بعد کشمیریوں میں مایوسی محسوس کی گئی تھی کہ اب عالمی رائے عامہ تک ان کی آواز کو جرأت اور شد و مد سے شاید کوئی نہ پہنچا سکے لیکن انھیں یہ دیکھ کر بے حد اطمینان اور خوشی ہوئی کہ رمیزہ نظامی کی ادارت میں آنے کے بعد نوائے وقت کی کشمیریوں کی حمایت میں آواز میں پہلے سے بھی زیادہ توانائی آئی ہے اور اس وقت یہ حال ہے کہ ذرائع ابلاغ کے عالمی پلیٹ فارم پر بھارت پسپائی پر مجبور ہو گیا ہے ۔ بھارت کے کرفیو، لاک ڈائون اور میڈیا پر پابندیاں دھری کی دھری رہ گئی ہیں اورکشمیریوں کی آواز دنیا کے کونے کونے تک پہلے سے بھی زیادہ قوت کے ساتھ پہنچ رہی ہے۔ سابق چیف جسٹس نے 23 مارچ کے تاریخی دن کے حوالے سے قوم کے تمام طبقوں پر زور دیا ہے کہ آج پھر قوم کو اس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے جو تحریک پاکستان کے دوران دیکھنے میں آیا ۔

ای پیپر-دی نیشن