• news

لاکھوں کے متعدد ڈاکے‘ مصری شاہ میں مزاحمت پر تاجر قتل

لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیئے گئے۔ جبکہ مصری شاہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک تاجر کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون میں مسلح ڈاکو طارق نامی شہری کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 6لاکھ 55ہزار روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور دیگرسامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ گلشن راوی میں ڈاکو سلیمان کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 4لاکھ 90 ہزار کی نقدی، زیورات و دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈیفنس سی میں ڈاکو آصف کے گھر سے اسلحہ کے زور پر 2لاکھ40 ہزار روپے مالیت، مسلم ٹائون میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو شکیل اور فیملی سے 2لاکھ 30ہزار مالیت‘ راوی روڈ سے مشتاق اور فیملی سے 1لاکھ 50ہزار نقدی و زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ملت پارک میں محمود سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر 80ہزار ۔ لٹن روڈ پر طلعت سے گن پوائنٹ پر40ہزار نقدی موبائل فون اور لاری اڈا سے گن پوائنٹ پر جاوید سے 25ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ ڈیفنس بی اور لیاقت آباد سے گاڑیاں، شاہدرہ، اچھرہ اور مصطفی ٹائون سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔ دوسری طرف مصری شاہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے مزاحمت پر شاہد علی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش مردہ خانے منتقل کر دی۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ مقتول کی جیب میں 10 لاکھ روپے کے قریب رقم تھی جو ڈاکو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول مقامی تاجر تھا۔

ای پیپر-دی نیشن