ایران سے زائرین‘ طلباء سمیت 5 ہزار افراد پاکستان پہنچیں گے: ہمایوں اختر
اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت قوم کے اتحاد سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے ،آنے والے دنوں میں ایران سے زائرین اور طلبہ کی پانچ ہزار کی کھیپ نے پاکستان پہنچنا ہے جس کیلئے حکومت نے بھرپور تیاری کررکھی ہے ،عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر کثیر رقم سے فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے متحرک اور فعال کردار ادا کیا ہے اور اس کیلئے وسائل کو آڑے نہیں آنے دیا گیا ،عالمی اداروں کی جانب سے بھی پاکستانی حکومت اور اداروں کے کردار کو سراہا جارہا ہے ۔ عالمی پابندیوں کی وجہ سے ایران بے پناہ مشکلات کا شکار ہے اور اس نے زائرین کو واپس بلانے کی درخواست کی تھی ۔کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے شروع کئے گئے اقدامات میں جو کمی کوتاہیاں سامنے آرہی ہیں ان پر قابو پایا جارہا ہے ۔ پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی بھرپور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔