آزاد کشمیر کے عدالتی نظام میں بار کونسل کا کردار مثا لی ہے،چوہدری ابراہیم
میرپور (نما ئندہ خصو صی )چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس چوہدری محمدابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر کے عدالتی نظام میں بار کونسل کا اہم کردار ہے اس حوالے سے بار کونسل کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔آزاد جموں وکشمیر بار کونسل عدالتی اصلاحات اور دیگر عدالتی امور کو سرانجام دینے کے لیے اپنا مثبت اور بنیادی کردار ادا کرئے اور قانون اور آئین کی بالادستی اور جلد انصاف کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کرئے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آزاد جموں وکشمیر بار کونسل کی طر ف سے ان کے اعزاز میں ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کرونا وائرس کے باعث اور حکومتی پالیسی کیوجہ سے نہایت ہی مختصر اور سادگی سے منعقد کی گئی ۔الوداعی تقریب سے آزادکشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس راجہ سعید اکرم خان ،سپریم کورٹ کے جج جسٹس غلام مصطفی مغل ،بار کونسل کے وائس چیئرمین چوہدری محمد الیاس ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ میں چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابرہیم ضیاء کے ساتھ بطور جج اور چیف بہت اچھا وقت گزرا ہمیں قانون اور انصاف کی حکمرانی کے لیے ان سے راہنمائی ملتی رہی مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ان کے دور میںجو عدالتی اصلاحا ت نا فذ ہوئی ہیں ان پر انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے عدالتی اصلاحات کے نفاذمیں وہ کار ہائے نمایاں سرانجام دیے وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس غلام مصطفی مغل نے کہا کہ چیف جسٹس چوہدری محمد ابرہیم ضیاء کے ساتھ میری 35سالہ رفاقت ہے بطور وکیل ،جج اور چیف جسٹس ان میں بہترین قائدانہ صلاحتیں ہیں انھوں نے اپنے فرض کی ادائیگی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ان کی ساری زندگی قانون اور قاعدے اور انصاف کی بالادستی میں گزری ۔ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ہمیں توقع ہے کہ وہ قانون کے پیشہ سے ہی منسلک رہیں گے اور اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث عدلیہ کی بالادستی ،وقار اور عزت کے لیے اپنی تجاویز دیتے رہیں گے ۔تقریب کے آخر میں بار کونسل کے وائس چیئرمین چوہدری محمد الیاس ایڈووکیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث چیف جسٹس آزادکشمیر کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں ان کے شایان شان الوداعی تقریب منعقد نہیں ہوسکی جس کا ہمیں دکھ رہے گا انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابرہیم ضیاء نے آزادکشمیر کے عدالتی نظام میں جو اصلاحات لائی ہیں اس سے غریب لوگوں کو فائدہ مل رہا ہے اور انصاف کا بول بالا ہور ہا ہے ۔چیف جسٹس آزادکشمیر کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ۔