• news

کرونا: امریکی سینیٹر رینڈ پال بھی مریض‘مائیک پنس کا ٹیسٹ منفی، ریاست لوزینیا میں صدارتی امیدوارکی نامزدگی ملتوی‘ 4 سینیٹرز نے لاکھوں ڈالر کما لئے

نیویارک (اے پی پی‘ نیٹ نیوز) سینیٹر رینڈپال کرونا میں مبتلا ہونے والے پہلے امریکی سینیٹر بن گئے۔نائب صدر مائیک پنس کا کرونا ٹیسٹ نیگٹیو آیا ہے۔ تواتر سے سفر کرنے اور تقریبات میں شرکت کے باعث احتیاطاً ان کا ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتائج میں وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ سینیٹر نے کرونا وائرس سے متاثرہ کسی فرد سے براہ راست رابطے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر رینڈ پال کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور وہ گھر پر رہ کر ہی دفتری کام انجام دینگے۔ اے پی پی کے مطابق کرونا وائرس کے باعث امریکہ میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے انتخابات ملتوی ہونا شروع ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ریاست لیوزینیا میں پرائمری انتخابات ملتوی کر دیئے گئے جبکہ ایریزونا، سوریڈار، ایلی نوائے اور اوہائیو میں پرائمری انتخابات کل منگل کو ہوں گے۔ لیوزینیا میں پرائمری انتخابات 4 اپریل کی بجائے 20 جون کو کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دریں اثناء امریکی منتخب نمائندوں نے کرونا وائرس بحران میں بھی منافع کما لیا، 4 امریکی سینیٹرز نے سٹاک مارکیٹ میں اپنے شیئرز فروخت کر کے لاکھوں ڈالر کما لئے۔ امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ جنوری میں امریکی سینٹ کی چند کمیٹیوں کو وائرس کے ممکنہ نقصانات پر بریفنگ دی گئی تھی جس کے بعد چار امریکی سینیٹرز نے سٹاک مارکیٹ بحران آنے سے پہلے اپنے شیئرز بیچنا شروع کر دیئے اور لاکھوں ڈالرز کما لئے۔ امریکہ میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رحجان ہے اور کمپنیز کے شیئرز بری طرح گرے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن