سعید غنی میں کرونا وائرس کی تصدیق، مراد ، ناصر شاہ کا ٹیسٹ منفی
کراچی (نیٹ نیوز، نوائے وقت رپورٹ)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کی ہے۔ٹوئٹر پرسعید غنی نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز کرونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 'تاحال جو علامات اس وائرس کے بتائے جاتے ہیں ان میں سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہورہا اور میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر آئسولیشن میں رہ کر ادا کررہا ہوں'۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ سعید غنی اب اپنی رہائش سے سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ سعید غنی کرونا وائرس سے بچائو کی جدوجہد میں اگلے محاذوں پر تھے۔ عوام کیلئے جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوامی نمائندوں کیلئے دعا کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ تمام لوگ اپنے گھروں میں رہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب اور وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرا لیا۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق وزیراعلیٰ مرتضیٰ وہاب اور ناصر شاہ کا ٹیسٹ منفی آیا تاہم ناصر شاہ احتیاطاً آئسولیشن میں چلے گئے۔ گورنر سندھ نے اپنی ملاقاتیں محدود کردی ہیں۔