• news

پنجاب کابینہ اجلاس آج ہوگا وفاقی کا کل طلب

لاہور(نیوزرپورٹر، نوائے وقت رپورٹ)پنجاب کابینہ کا غیر معمولی اجلاس آج طلب کر لیا گیا، جبکہ وفاقی کابینہ کا آج منگل کو ہونے والا اجلاس کل بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ پنجاب کابینہ اجلاس میں کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لئے کرونا آرڈینس منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، کرونا پر مزید اقدامات اور اس کے معاشی اثرات پر بھی کابینہ کو بریف کیا جائے گا۔اجلاس وزیراعلی عثمان بزدار کی زیرصدارت ہوگا، اجلاس کا 17 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیاہے،وباء کے باعث معاشی اثرات پر بھی بریف کیاجائے گا۔کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔ چولستان، رحیم یار خان کیاسٹیٹ لینڈ کی لیز منظوری کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈا میں شامل ہے۔ پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کا بھی کابینہ جائزہ لے گی، بیت المال پنجاب کے ڈویڑنل ڈائریکٹرز کو اختیارات کی منتقلی کا معاملہ بھی کابینہ کے زیر غور آئے گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کی پنجاب بھر میں توسیع کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہے۔صوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹ بھی منظوری کے لئے کابینہ کے سامنے رکھی جائے گی، پیپرا ایکٹ کے سیکشن چھ میں ترمیم کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیرغور آئے گا، آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم 2019 کی بھی کابینہ جائزہ لیکر منظوری دے گی جبکہ سرکاری ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز میں اقلیتوں کے لئے دو فیصد کوٹہ کی منظوری کا معاملہ بھی ایجنڈے پر رکھا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ وفاقی کابینہ کرونا سے پیدا صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں معیشت پر کرونا کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔کابینہ کو پاور ڈویژن بجلی کی تقسیم، بلوں اور دیگر امور پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔کابینہ تعمیرات کے شعبہ میں سہولیات دینے کے پیکج کی منظوری بھی دے گی۔ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کیے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی۔ ذیلی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ اجلاس کے دوران غیر ملکی کاروباری قرضوں اور منافع پر ٹیکس استثنی پر بھی غور کیا جائے گا۔ نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی بھی پیش کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن