پومپیو کا غیر اعلانیہ دورہ کابل: اشرف غنی، عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں
کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچنے کے بعد بروز پیر کابل کے صدراتی محل میں صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں وہ عبداللہ عبداللہ سے بھی ملے، جو خود کو ملک کا صدر قرار دیتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق پومپیو کے دورے کا حقیقی مقصد ان دونوں سیاسی مخالفین کے مابین وہ اختلافات دور کرنا ہے، جو افغان امن عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ آج شام کے وقت امریکی وزیر خارجہ ممکنہ طور پر ان دونوں سے مشترکہ ملاقات بھی کریں گے۔ کئی سال کی سفارت کاری کے بعد حال ہی میں دوحہ میں طے پانے والے امن معاہدے کی شرائط کے مطابق اب تک قیدیوں کا تبادلہ ہو جانا چاہیے تھا لیکن دونوں میں اختلافات کے باعث یہ نہ ہو سکا۔