• news

کرونا کے اثرات ترقی پذیر ممالک کیلئے تباہ کن ، قرضوں کا بوجھ کم کیا جائے: شاہ محمود کا یورپی یونین کو خط

اسلام آباد (اے پی پی) کورورنا وائرس کے عالمی وبائی چیلنج کے تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مسائل درپیش ہیں، ایران پر عائد معاشی پابندیوں کے خاتمے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی طرف اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ ہم سب آگاہ ہیں کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کرچکا ہے جس سے دنیا کا تقریبا ہر ملک ہی متاثر ہے، پوری انسانیت کے لئے یہ انتہائی مشکل وقت ہے لہذا یہ انتہائی اہم ہے کہ عالمی برادری اس عفریت سے نمٹنے میں ہاتھ بٹائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا انسانیت کے لئے ایک بحران ہے اور اس کے اثرات خاص طورپر ترقی پزیر ممالک کے لئے تباہ کن ہیں کیونکہ انہیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور ان میں نادار طبقات موجود ہیں۔ معاشرے کے سب سے زیادہ شکار ہونے والے ان طبقات کا کورونا سے سب سے زیادہ نشانہ بننے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام ممالک اس عالمی وباء سے نبرد آزما ہونے کے لئے پوری کوششیں کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی توجہ بطور خاص دو معاملات کی جانب مبذول کرائی اور کہا کہ پہلا معاملہ ایران سے متعلق ہے جو اس وقت عائد پابندیوں کی بناء پر کورونا کی وباء پر موثر انداز میں قابو پانے میں کامیاب نہیں ہو پا رہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے نتیجہ میں درپیش انسانی مسئلہ کے تناظر میں ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ عالمی برادری ایران میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لئے مطلوبہ انسانی معاونت کے لئے ہنگامی اقدامات کرے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوسرا اہم معاملہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی اتحاد اوربھائی چارے اور کمزور طبقات کو بچانے کے لئے توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ اپنے حصے کے طورپر وزیراعظم عمران خان نے ترقی پزیر ممالک پر سے قرض کا بوجھ کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ ترقی پزیر ممالک اپنے وسائل انسانی جانیں بچانے اور معاشی بدحالی کی بہتری کے لئے بروئے کار لاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019ء کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں اب تک آٹھ ماہ میں بطور خاص بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے واقعات نے اس میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر عائد قدغنیں فوری ختم کی جائیں تاکہ طبی اور دیگر ضروری سپلائیز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کورونا کے بحران سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ کشمیری عوام کی حالت زار بدستور وہی ہے جو بہتری کی متقاضی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ معاملات اہم ہیں جن پر عالمی برادری کے گہرے تدبر اور ضروری اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں ان امور پر سنجیدہ غور ہوگا ۔

ای پیپر-دی نیشن