کرونا کا خطرہ ، بھارت میں دہلی سمیت13ریاستوں اور 75اضلاع میں لاک ڈائون
نئی دہلی(کے پی آئی )کووڈ -19 کے انفیکشن کے خطرات کے پیش نظر دہلی سمیت بھارت کی 13 ریاستوں اور 75 اضلاع کو صبح سے ہی لاک ڈاون کردیا گیا ہے۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی سمیت ملک کی 13 ریاستوں اور 75 اضلاع میں لاک ڈاون کی صورتحال 23 مارچ سے لے کر 31 مارچ تک برقرار رہے گی۔ ہندوستانی ریلوے نے 31 مارچ تک تمام پیسنجر ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر 23 مارچ کی صبح 6 بجے سے دارالحکومت میں لاک ڈان نافذ ہو جائے گا اور یہ نظام 31 مارچ کی نصف شب یعنی 12 بجے تک برقرار رہے گا۔لاک ڈاون کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گا اور صرف 25 فیصد ڈی ٹی سی بسیں چلیں گی۔ یہ بسیں بھی ضروری خدمات انجام دینے والے افراد کے لئے ہی چلائی جائیں گی۔ اس دوران ریاست کی تمام عبادت گاہیں بند رہیں گی۔ دہلی کی دکانیں اور بازار سب بند رہیں گے۔ دہلی کی سرحدیں سیل رہیں گی، تاہم دوسری ریاستوں سے کھانا اور سبزی لانے والی گاڑیوں کو دہلی آنے کی اجازت رہے گی۔ اس کے علاوہ تمام پروازیں معطل رہیں گی لیکن اسپتال اور محکمہ بجلی کے دفاتر کھلے رہیں گے۔