ہمیں پاکستان کوتمام خطرات سے پاک رکھنے کا عزم کرنا ہے، فروغ نسیم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے یوم پاکستان کے دن اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمارے ملک کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 23 مارچ کو ہمارے خوبصورت ملک کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ فروغ نسیم نے کہا کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ ہم پاکستان کو تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے پاک رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو پوری دنیا کی طرح کورونا جیسی خطرناک بیماری کا سامنا ہے، ہم معاشرتی فاصلے اور کم سے کم میل ملاپ سے اس بیماری پر جلد قابو پا سکتے ہیں۔ فروغ نسیم نے کہا کہ ہمیں اپنے ارد گرد موجود ہر اس انسان کا خیال رکھنا ہے جو اپنا اور اپنے بچوں کا خیال نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم ہمیشہ کی طرح اللہ کے کرم سے اس مشکل صورتحال سے جلد نکل آئیں گے۔