• news

ڈاکٹر اسامہ فرنٹ لائن پر لڑے‘ طبی عملہ کو سلام، ایلس ویلز، پاکستان میں فنڈ قائم

اسلام آباد‘ لاہور‘ واشنگٹن (اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کے پیش نظر ینگ کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن پاکستان کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے اکثریت سے ’’ڈاکٹر اسامہ شہید فنڈ‘‘ کے قیام کی منظوری دی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق یہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور الائیڈ سٹاف کو ہسپتال میں محفوظ بنانے کے لئے پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ (پی پی ای)کی خریداری کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ مزید براں امریکی نائب وزیر خارجہ نے گلگت میں کرونا سے ڈاکٹر اسامہ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکہ کرونا کے خلاف لڑنے والے میڈیکل سٹاف کے ساتھ ہے۔ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوب وسطی ایشیا ایلس ویلز نے ٹویٹ کی کہ ڈاکٹر اسامہ کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں سے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کو بچانے والے طبی عملے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے شہید ہونے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ شعبہ طب کی شان ہیں۔ قوم کا ہر فرد ڈاکٹر اسامہ ریاض کو سلام پیش کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن