• news

فیکٹری ایریا میں قاتل ڈور نے ایک اور جان لے لی‘ ایس ایچ او معطل

لاہور (نمائندہ خصوصی) قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔ لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں پچیس سالہ نوجوان ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او کو فوری معطل کردیا۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ جمع کروا دی گئی۔ پولیس کے مطابق 25 سالہ دانش موٹر سائیکل پر چونگی امرسدھو سے صوفی آباد کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک کٹی پتنگ کی ڈور گلے پر پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ڈولفن فورس اور پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے دانش کو جنرل سپتال منتقل کردیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ دانش آزاد کشمیر کا رہائشی تھا اور صوفی آباد میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو فوری طور پر معطل کرکے ڈی ایس پی فیکٹری ایریا سے رپورٹ طلب کی ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ پر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن