سٹیٹ بنک نے شرح سود میں مزید ڈیڑھ فیصد کمی کا اعلان کر دیا
کراچی(کامرس رپورٹر)سٹیٹ بنک نے کرونا وائرس کے باعث معاشی سرگرمیوں میںگراوٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے شرح سود میںمزیدڈیڑھ فیصد کمی کردی ہے جس کے بعد شرح سود12.50فیصد سے گھٹ کر11فیصد کی سطح پر آگئی ہے ،مرکزی بینک کی جانب سے ایک ہفتے میںدوسری بار شرح سود میںکمی کی گئی ہے ،اس سے قبل 17مارچ کو زری پالیسی کے اعلان کے وقت گورنر اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں0.75فیصد کمی کا اعلان کیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیئے میںبتایا گیا ہے کہ شرح سود میںمزید 1.50فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد شرح سود 11فیصد کی سطح پر آگئی ہے،اسٹیٹ بینک کے اعلامیئے کے مطابق زری پالیسی کے اعلان کے وقت یہ واضح کردیا گیا تھا کہ کرونا وائرس کے معیشت پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر مرکزی بینک مزید اقدامات کیلئے بھی تیار ہے اور شرح سود میںمزید کمی کا فیصلہ اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔اعلامیئے کے مطابق کرونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے بھی سال2020کے دوران عالمی معاشی نمو میںکمی کے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔