• news

سندھ میں لاک ڈائون کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کریگا، وفاق مدد کر ے: بلاول

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کرے گا۔ اس دورانیے کی تنخواہ بھی دینا ہوگی، اگرکوئی سندھ حکومت کے فیصلے کو نہیں مان رہا تو عوام صوبائی حکومت سے رابطہ کریں، وفاقی حکومت وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ہماری مدد کرے، ہم سب ایک ہوجائیں تو کرونا وائرس کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے، مخیر حضرات سے اپیل کہ وہ غریبوں کی مدد کیلئے آگے آئیں اورسندھ حکومت کی مدد کر کے ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جا سکے۔ منگل کو اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے، لوگ بیمار اور ہلاک ہو رہے ہیں،کرونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے،کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور آپ کی صحت، زندگی کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لئے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں، اگر لاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہوجاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جا سکے، اگر آپ کو لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں، راشن آپ کو پہنچایا جائیگا۔ اگر نوکری دینے والے اپنے ملازمین کو تنخواہ دیتے ہیں اور نوکری سے نہیں نکالتے تو سندھ حکومت بعد میں تعاون کرے گی۔ اگر آپ 14 دن کیلئے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہو تو ساری محنت ضائع ہوجائے گی، زیادہ لوگ بیمار ہوجائیں گے، خدانخواستہ زیادہ لوگ مرسکتے ہیں، میں اپیل کرتا ہوں کہ آپ سندھ حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں، زندگی کا تحفظ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن