سعودی حکومت نے حج کی منسوخی کا فیصلہ نہیں کیا، نواف المالکی
جدہ (امیر محمد خان)سعودی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے باجود حج کی منسوخی کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اگر اس طرح کا فیصلہ کیا گیا تو حکومت اسے بروقت حاجیوں تک پہنچائے گی ۔یہ بات پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالی نے ایک انٹرویو میں بتائی۔اس سوال پر کہ کیا کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی حکومت نے حج کے حوالے سے کوئی فیصلہ کر لیا ہے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اس سال حج کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے میں سب کو یقین دہانی کروانا چاہوں گا کہ خدائے بزرگ و برتر نے ہماری دانشمندانہ حکومت کو حرمین شریفین اور اللہ کے مقدس گھر حاضر ہونے والے حجاج کی خدمت کی توفیق بخشی ہے ۔ اور یہ (حکومت )بلاشبہ ہمیشہ ہر سال حجاج کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے کی کوشش کرتی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ کوشاں ہوتی ہے۔نواف المالکی کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس طرح کا (حج کی منسوخی) کا کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو اسے بروقت حاجیوں تک ذمہ داری سے پہنچا دیا جائے گا۔میں آپ کو پھر یقین دلاتا ہوں کہ حج کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ اس وقت تک بالکل نہیں کیا گیا۔ایک سوال پر کہ پاکستان میں سعودی اقامہ رکھنے والے کئی لوگ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں جا سکے تو کیا ان کی نوکری محفوظ رہے گی سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ وہ تمام لوگ جن کے پاس نافذالعمل اقامے اور قانونی ایگزٹ موجود ہے وہ سب پروازوں کی بحالی کے بعد واپس سعودی عرب جا سکیں گے۔سعودی سفیر کے مطابق سعودی شعبہ پاسپورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام لوگ جو پروازوں کی معطلی کی 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن کی وجہ سے سعودی عرب نہ پہنچ سکے ان کے ایگزٹ اور ریٹرن ویزا کی معیاد خود بخود بڑھا دی جائے۔اسی طرح جو لوگ وزٹ ویزا یا عمرہ کے لیے سعودی عرب گئے مگر واپس اپنے ملک نہ جا سکے ان پر (ویزا کی ایکسپائری) کا کوئی جرمانہ نہیں عائد ہو گا نہ کوئی قانونی کاروائی ان کے خلاف کی جائے گی۔ایک اور سوال پر نواف بن سعید المالی نے بتایا کہ سعودی عرب میں آنے اور جانے والی پروازوں کی معطلی کا فیصلہ ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر سعودی شہریوں، وہاں رہنے والوں اور عمرہ زائرین کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا۔ تاہم ویزا سروس فی الحال فضائی سروس کی بحالی تک بند ہے اور جوں ہی فضائی تعطل ختم ہو گا ویزا سروس انشااللہ بحال کر دی جائے۔کورونا وبا کے دوران اپنی اور دیگر سعودی سفارت خانے کی حفاظت کے لیے پاکستانی حکومت کے اقدامات پر سعودی سفیر نے مکمل اعتماد کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ان اقدامات پر عمل کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ ملک کر اس وبا اور بحران پر قابو پا لیں گے۔