اتحاد کے ذریعے ہی کرونا جیسی مصیبت سے چھٹکارا مل سکتا ہے: پرویز الٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے کورونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں ٹیلیفون پر سینیٹر کامل علی آغا اور میاں منیر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زداری کا شکریہ جنہوں نے تمام جماعتوں کو اس مسئلے پر ایک پیج پر لانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کا فائدہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے اگر روزانہ کی بنیاد پر تمام حالات پر نظر رکھی جائے، ڈیلی ویجز والوں کو ڈیلی واچ کر کے گلی محلے تک خوراک اور رقم پہنچانی چاہئے، چودھری پرویز الٰہی نے گلگت میں ڈاکٹر اسامہ ریاض کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ اپنے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام جماعتوں کے ورکروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مصیبت کے موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کریں، پنجاب اسمبلی کے سارے ارکان نے کرونا فنڈ میں اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے، دوسرے صوبوں کو بھی اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی رپورٹ مثبت آنے پر ہم سب ان کی صحت کیلئے فکر مند بھی ہیں اور دعا گو بھی ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جلد از جلد صحت عطا فرمائے۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ کرونا کے پیش نظر قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے کیونکہ قیدیوں کا اس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کہا کہ وہ قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کریں شاہ محمود قریشی نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو یقین دہانی کروائی کہ وہ وزارت خارجہ اور امریکی حکام سے اس سلسلے میں بات کریں گے۔