• news

افغانستان کیلئے امریکی امداد میں ایک ارب ڈالر کمی کا اعلان‘ فرق نہیں پڑیگا: اشرف غنی

واشنگٹن‘ کابل(نیٹ نیوز‘شنہوا) امریکا نے افغانستان کی امداد میں ایک ارب ڈالر کی کمی کر دی، افغان حریف رہنمائوں کے درمیان نئی حکومت کی تشکیل پر ناکامی کے بعد امداد میں کمی کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان کے لئے امریکی امداد میں ایک ارب ڈالر کی کمی کا اعلان کیا۔ وہ کابل کے دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور ان کے سیاسی حریف کو ایک پیج پر لانے میں ناکام رہے تھے، جس وجہ سے امریکا کا امن معاہدہ خطرے میں پڑا۔ مائیک پومپیو کے مطابق نئی افغان حکومت کی تشکیل پر دونوں فریقوں کے متفق نہ ہونے پر مایوسی ہوئی۔ دریں اثناء افغان صدر محمد اشرف غنی نے کہا ہے کہ افغانستان کیلئے اقتصادی امداد میں 1 ارب امریکی ڈالر کٹوتی کا ملک کے کلیدی شعبہ جات اور محکموں پر اثر نہیں پڑے گا۔ منگل کو ٹیلی ویژن پر تقریر میں غنی نے کہا کہ حکومتوں کے پاس ہمیشہ تدبر کے حالات کیلئے منصوبے ہوتے ہیں۔ غیرمتوقع حالات کے لئے ہمارے پاس بھی کچھ بنیادی منصوبے ہیں۔ یقین دلاتا ہوں کہ امریکی امداد میں کمی کا براہ راست اثر ہمارے محکموں اور شعبوں پر نہیں پڑے گا۔ ہم متبادل وسائل کی مدد سے اس خلاء کو پر کرنے کی کوشش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن