زرداری کا کرونا سے نمٹنے کیلئے بلاول بھٹو کے بیانیے پر مکمل عمل کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے پر مکمل عمل کیا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ ہے کہ ہم سب نے مل کر کرونا کو ختم کرنا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم صوبے کے عوام کے تحفظ کے لئے موثر اور بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عوام کرونا کے خلاف جنگ میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کرے۔ آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے نوجوان ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرونا وائرس کی مذاحمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ پوری قوم اسامہ ریاض کے خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔ انہوں نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو انتہائی ثابت قدمی، حوصلے سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ قوم اپنے ہیروز کو سلام۔