موزمبیق : کنٹینر میں 64 تارکین وطن ہلاک،14زندہ بچ گئے ،قرنطینہ کردیا گیا
میپوٹو(شِنہوا)موزمبیق کے شمالی صوبہ تیٹی میں آنیوالے ایک کنٹینر میں ایتھوپیا سے آنیوالے 64 تارکین وطن ہلاک جبکہ 14 زندہ بچ گئے ہیں ، یہ اطلاع مقامی اخبار اوپائس نے دی۔صوبائی ڈائریکٹر صحت کارلا موس نے اخبار کو بتایا کہ نعشوں اور زندہ بچ جانیوالے افراد کو منگل کو تیٹی شہر کے ضلع موٹیز میں امیگریشن سروس کے ذریعے تلاش کیا گیا۔شِنہوا سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے عہدیدار نے واقعہ کی تصدیق کی اور کہا کہ صوبائی محکمہ نقل مکانی سرحدی حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرے گا اور اسی طرح کے واقعات کو روکنے کی کوشش کرے گا۔اخبار نے محکمہ نقل مکانی کی عہدیدار ایمیلیا ڈائریٹو کا بھی حوالہ دیا کہ ان کے ساتھیوں نے 2 بجے کے قریب متاثرین کو لے جانیوالے کنٹینر کو روک لیا تھا۔ڈائریٹو نے کہا کہ صحت اور انصاف کے شعبے معاملے کی وضاحت کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، بچ جانیوالے 14 افراد کی کرونا وائرس کیلئے سکریننگ کرنے کے بعد انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔