جرمنی : ایران کیلئے جاسوسی پر افغان نژاد فوجی مترجم کو اہلیہ سمیت قید کی سزا
برلن(انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں افغان نژاد فوجی مترجم اور ان کی اہلیہ کو قید کی سزا سنائی گئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر کویلینس کی ایک عدالت نے جرمن کی وفاقی فوج کے لیے مترجم کے فرائض انجام دینے والے افغان نژاد شخص کو ایران کی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں 6 سال اور 10 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ فوجی مترجم نے ملک کے اہم راز ایران کی خفیہ ایجنسی کو فروخت کیے تھے۔عدالت نے ملزم کی اہلیہ کی جاسوسی کے لیے معاونت کرنے کے الزام میں 10 ماہ کی قید کی سزا کو بحال کردیا جسے گذشتہ فیصلے میں معطل کردیا گیا تھا۔ دونوں میاں بیوی پر ایک برس سے مقدمہ زیر سماعت تھا۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو ناقابل تردید شواہد پیش کیے جب کہ ملزمان نے بھی اعتراف جرم کیا تھا۔مجرمان کے تحفظ کے قانون کے تحت محکمہ انصاف نے مکمل شناخت ظاہر نہیں کی ہے، جوڑے کے ناموں کا پہلا لفظ بتایا گیا ہے۔ فوجی مترجم کے نام کا پہلا لفظ عبدل جب کہ ان کی اہلیہ کا نام آسیہ بتایا گیا ہے۔ ایران کی جانب سے اس خبر پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں ا?یا ہے۔