عوام کرونا سے بچاؤ کی حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں،بیرسٹر سلطان
میرپور( نما ئند ہ خصو صی )آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس اس وقت دنیا کے اندر جان لیوا اور مہلک وائرس کے طور پر پھیل چکا ہے اس کا پھیلاؤ وقت کے ساتھ بڑھ رہا ہے کرونا وائرس سے بچاؤ کا واحد طریقہ جو اس وقت بتایا جا رہا ہے وہ احتیاط ہے میں آج محی الدین اسلامک میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ اسپتال میرپور میں قائم قرنطینہ سنٹر میں آیا ہوں تاکہ یہاں پر سہولیات کا جائزہ لے سکوں دوسرا میرے دورے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ قرنطینہ سنٹر کے حوالے سے جو میرپور میں ابہام پایا جا رہا ہے اسے ختم کیا جا سکے یہ ہسپتال آبادی سے دور ہے میں محی الدین اسلامک کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کے چانسلر و سجادہ نشین دربار عالیہ نیراں شریف پیر سلطان العارفین صاحب کا مشکور ہوں جنھوں نے میری درخواست پر یہاں قرنطینہ سنٹر کے قیام کی اجازت دی۔میں ایک طرف آزاد کشمیر کی عوام سے اپیل کروں گا کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی حکومتی اہدایات پر مکمل عمل کریں ۔
دوسری طرف میری حکومت سے اپیل ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں۔اب آزاد کشمیر کی حکومت کی طرف سے تین ہفتوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان ہو چکا ہے اس اعلان کے ساتھ عوام خاص طور پر دہاڑی دار طبقہ کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا اس سلسلے میں حکومت عوام کو ٹیکس میں چھوٹ دے بجلی گیس کے بلوں میں ریلیف دیا جائے پلازوں کے مالکان اور گھروں کے مالکان اپنے اپنے کرایہ داروں کے بحرانی کیفیت میں کرائے معاف کر دیں۔اس کے ساتھ میری مخیر حضرات بالخصوص پی ٹی آئی کشمیر کے ساتھیوں میرے عزیز واقارب سے بھی درخواست ہے کہ وہ مزدور اور غریب طبقے کی دل کھول کر مدد کریں۔آزاد کشمیر کے اندر کوئی شخص بھوکا نہ سوئے اس سلسلے میں آپ لوگ اپنے محلے اور گلی میں چیک کریں جو مزدور اور غریب لوگ ہیں ان کی مدد کریں۔اس موقع پر محی الدین اسلامک میڈیکل کالج۔اینڈ ٹیچنگ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر برگیڈئیر چوہدری افتخار نے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو قرنطینہ سنٹر کے اندر مریضوں کی تعداد اور دیگر سہولیات بارے بریفنگ دی اس موقع پر ہسپتال کے چانسلر اور سجادہ نشین دربار عالیہ نیریاں شریف پیر سلطان العارفین کی طرف سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ اگر سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کہیں گے تو پورے ہسپتال کو قرنطینہ سنٹر میں تبدیل کر دیا جائے گا۔