کپتانی کا تجربہ اچھا رہا، کھلاڑیوں سے مل کر کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں: شاداب خان
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں سے فاصلہ رکھنے کے بجائے مل جل کر کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ کپتان بننے سے پہلے بھی کرکٹ کو ٹیم گیم کی طرح سمجھتا تھا کپتانی ملنے کے بعد بھی اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اترتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ہر کھلاڑی ہر میچ میں پرفارم نہیں کر سکتا، ایک ہی کھلاڑی بار بار میچ وننگ پرفارمنس بھی نہیں دے سکتا۔ مسلسل میچز اور ایونٹس مشترکہ کاوشوں سے ہی جیتے جاتے ہیں جب تک دو تین کھلاڑی مسلسل اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کریں کوئی بھی ٹورنامنٹ جیتنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کا فیصلہ پی ایس ایل سے پہلے ہی کر لیا تھا۔ پریکٹس میچز کے دوران اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کے بعد یہ فیصلہ ہو گیا تھا کہ ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کروں گا۔ مصباح الحق اور ٹیم انتظامیہ کی بھی یہی رائے تھی کہ مجھے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرنی چاہیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہمیشہ نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی ہے مجھے کپتان بنانے کا فیصلہ بھی نوجوان کرکٹرز پر اعتماد کا اظہار ہے۔ اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کرنے پر فرنچائز اور ٹیم انتظامیہ کا مشکور ہوں۔ لیگ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد میں سٹیڈیمز میں موجودگی حوصلہ افزا تھی۔ ہماری ٹیم میں کئی نوجوان کرکٹرز کی شمولیت اسی حکمت عملی کے تحت تھی۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں کپتانی کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، کئی نئی چیزیں سیکھنے کو ملی ہیں۔ کپتان کو بہت ساری چیزوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔ اس پہلو سے کھیل کو سمجھنے اور خامیوں کو دور کرنے میں زیادہ مدد ملتی ہے۔ پلینگ الیون میں کپتان کی رائے کی اہمیت ہوتی ہے پی ایس ایل کے دوران حتمی کھلاڑیوں میں اپنی رائے دیتا رہا ہوں اور ٹیم انتظامیہ میری رائے کا احترام کرتی رہی ہے۔