اولمپکس ملتوی کرنے کا فیصلہ درست ہے: عارف حسن
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے اولمپکس گیمز کو ایک سال کے لیے موخر کرنے کا درست فیصلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو ماہ سے کرونا وائرس کے ایشو کی وجہ سے دنیا بھر میں معمولات زندگی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں، کھلاڑیوں کو اولمپکس گیمز کی تیاریوں میں بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پی او اے صدر کا کہنا تھا کہ اولمپکس گیمز کو ایک سال تک موخر کرنے سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کا موقع بھی مل جائے گا۔ خاص طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بھی اولمپک کوالیفائرز اور ایونٹس کی تیاری کا موقع مل گیا ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو میری جانب سے ایک ہی پیغام ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ مشکل وقت ضرور ہے جو گزر جائے گا۔ اولمپکس گیمز کو ایک سال کے لیے موخر کرنے کی آئی او سی فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔