تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ‘سابق وی سی پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر رفیق احمد انتقال کر گئے
لاہور( نیوز رپورٹر) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اور پنجاب یونیورسٹی و اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد طویل علالت کے بعد گزشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی عمر 92سال تھی۔ ڈاکٹر رفیق احمد کا شمار ان چندشخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے 23مارچ1940ء کو لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی۔ اس وقت ان کی عمر 13سال تھی۔ بعدازاں آپ نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں بڑا فعال کردار ادا کیا۔ تحریک پاکستان میں آپ کی شاندار خدمات پر آپ کو پاکستان موومنٹ ورکرز ٹرسٹ کی طرف سے1999ء میں گولڈ میڈل دیا گیا۔ وہ وطن عزیز کے عالمی شہرت یافتہ ماہر تعلیم اور ماہر معاشیات تھے۔ آپ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس‘ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز(FAST)‘ انسٹیٹیوٹ آف لیڈر شپ اینڈ مینجمنٹ اور پاک ایمز کے بورڈ آف گورنرز کے بھی رکن رہے ۔ آپ نے 1981ء تا 1982ء اور 1987ء تا 1988ء وائس چانسلرز کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں ۔ آپ پنجاب یونیورسٹی کے سنٹرفارسائوتھ ایشین سٹڈیز کے بھی مشیر رہے ۔آپ کو متعدد بار بیرون ملک سیمیناروں اور کانفرنسوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل رہا۔نماز جنازہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے پڑھائی جبکہ وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف‘ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ‘ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد‘ پرنسپل اوریئنٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر مظہر سلیم‘ ممتاز دانشور سلمان غنی‘ سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید‘ میاں حبیب اﷲ‘ میاں سلمان فاروق‘ سید علی رضا بخاری‘ شکیل باہو‘ حافظ مرغوب احمد ہمدانی‘ اختر حسین قریشی‘ اور دیگر افراد کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاں حضرت میاں میرؒپنڈ قبرستان میں سپرد ِخاک کر دیا گیا۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد رفیق تارڑ، میاں محبوب احمد، خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف، سرتاج عزیز، شوکت ترین، ڈاکٹر صفدر محمود، کارکنان تحریک پاکستان محمدسلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان ، خواجہ خورشید وائیں ،چوہدری محمد طفیل ، میاں ابراہیم طاہر، ایم کے انور بغدادی، بیگم ثریا خورشید،بیگم مہناز رفیع، اجمل نیازی، پروین خان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں ڈاکٹر رفیق احمد کے ا نتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور ایوان قائداعظمؒ کی تعمیر کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔