• news

میر شکیل الرحمن کے جسمانی ریمانڈ میں7 اپریل تک توسیع‘ درخواست ضمانت دائر

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں7 اپریل تک مزید توسیع کر دی۔ وکیل نے استدعا کی کہ اپنے مؤکل سے مشاورت کرنے کے لیے کچھ وقت فراہم کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو مشاورت کرنے کا حق حاصل ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کو زمین تین مختلف جگہوں پر الاٹ کی گئی، میر شکیل الرحمان نے یہ زمین ایک جگہ پر الاٹ کرائی۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو روکتے ہوئے کہا کہ آپ قانون کے مطابق دلائل دیں، سیاسی باتیں نہ کریں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ کو جسمانی ریمانڈ اب کیوں چاہئے، جس پر نیب کے وکیل نے جواب دیا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور میر شکیل الرحمان کے ریکارڈ کا جائزہ لینا ہے۔ عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے کہا کہ ریکارڈ دکھائیں اور بتائیں کب ایل ڈی اے کو قبضہ کب ملا۔ میرشکیل الرحمن کے وکیل امجد پرویز نے کہاکہ عدالت جوڈیشل ریمانڈ منظور کرے۔ علاوہ ازیں ہائیکورٹ میں میر شکیل الرحمان کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن