• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں آٹا بحران جاری، یوٹیلٹی سٹورز سے بھی غائب

لاہور‘کامونکے‘ گگھڑ منڈی‘ ملتان (کامرس رپورٹر‘ نیوز رپورٹر‘ نامہ نگاران)کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران اشیاء کی قلت کے خوف کے باعث صوبائی دارالحکومت میں دوسرے روز بھی یوٹیلٹی سٹورز سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں دکانوں پر آٹا نایاب رہا۔ جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دکانداروں کے مطابق لاک ڈائون کے پہلے روز سے ہی وہ آٹے کی ڈیمانڈ کررہے ہیں لیکن آٹا دستیاب نہیں۔ فلور ملیں آٹے کی طلب کے مطابق آٹا فراہم نہیں کر رہیں۔ لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا اور دالوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ جبکہ شہر میں پرچون سطح پر بھی آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور جو دکاندار آٹے کی گراں فروشی کرے اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ نارووال‘ سرگودھا‘ دیپالپور‘ فیصل آباد‘ داور ڈسکہ میں بھی شہری آٹے کیلئے مارے مارے پھرتے رہے‘ انہوں نے احتجاج کیا ہے۔ فیصل آباد میں تھیلا1400و دیگر شہروں میں 850سے 1100تک فروخت ہو تا رہا۔ فیصل آباد میں گندم کے نرخ 2200روپے من سے بھی بڑھ گئے۔ چینی85، گھی220روپے کلو فروخت ہوتا رہا‘ آٹا70روپے کلو تک فروخت کیا جانے لگا۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے لاہور کی تمام فلور ملوں کو چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر میں موجود 62 فلور ملوں کو چیک کیا جائے اور ہر مل سے آٹا کوٹہ کی مارکیٹ میں سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر آٹا کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں۔ تحصیل شالیمار میں درج ذیل پوائنٹس پر آٹے کے ٹرک کھڑے کر دئیے گئے ہیں۔ ماڈل بازار چائنہ سکیم میں مینجر احمد بٹ، ٹی آر آئی شالیمار شاہ نواز اور پٹواری افضال تمام تر انتظامات کو مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ سنگھ پورہ سٹاپ گھاس منڈی میں اے ایس ایل شالیمار جاوید اور پٹواری فریاد ‘جلو موڑ بازار پر ٹی آر آئی واہگہ زوہیب بٹ اور پٹواری ارشد امجد مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ماڈل بازار ہربنس پورہ میں مینجر عثمان، ای ایس ایل زاید اور پٹواری ظفر اقبال مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فلور ملز کے دوروں کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے برکت فلور مل کا دورہ کیا۔20 کلو کے 2358 بیگز اور 10 کلو آٹے کے 1487 بیگز کی آج سپلائی مختلف سٹورز میں یقینی بنائی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے حیات فلور ملز فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔ حیات فلور ملز کا روزانہ کی بنیاد پر کوٹہ 3000 کلوگرام ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے پرائس کنٹرول کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ 339 مقامات کو چیک کیا گیا43 مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی،138000 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے اور7 گراں فروشوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا گیا۔ جبکہ11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اورایک گراں فروش کو جیل کی سزا دی گئی۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہاکہ شہر میں مہنگے داموں اشیاء ضروریہ کی فروخت کی ہرگز اجازت نہ ہے۔ کاکا خان آٹا سٹور نزد سنگھ پورہ سبزی منڈی پر آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے کی اطلاع ملنے پراسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے کارروائی کی۔ اے سی شالیمار نے آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے پر کاکا خان سٹور کے مالک کو گرفتار کر وادیا ہے۔کامونکے شہر میں آٹے چینی،گھی اور دیگر اشیاء خوردونوش کی مصنوعی قلت لاک ڈائون کے تیسرے روز بھی جوں کی توں جاری رہی۔ شہریوں کا حکومت سے چینی، گھی اورفلورملوں کا انتظام اپنے ہاتھ میں لینے کا مطالبہ ہول سیل ڈیلرز، دکانداراور فلور مل مالکان لوگوں کی جانب سے گھبراہٹ میں آکر زیادہ خریداری کا جواز بنا کر آٹا، چینی گھی اور دیگر اشیاء خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی جاری رکھے ہوئے ہیں اورگاہکوں سے منہ مانگی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ چینی کا فی کلوریٹ 80 روپے سے اچانک بڑھاکر 90 روپے کردیا گیا۔ گکھڑمنڈی میں دکانداروں نے ضرورت مند خریداروں کی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کردیا۔ یوٹیلٹی سٹور پر مطلوبہ تعداد میں آٹا چینی مہیا نہ ہونے کی وجہ سے دکانداروں نے 20کلو آٹے کا تھیلا 1150روپے میں جبکہ چینی 90روپے کلو فروخت کرنا شروع کردی۔ اسی طرح دالوں اور گھی کی قیمتوں میں بھی من مانے نرخ وصول کیے جارہے ہیں۔ جبکہ آئندہ چند روز میں کرفیو لگنے کی افواہوں سے خریداروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کا فلور ملز کے خلاف کریک ڈائون‘ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر صدر شہزاد محبوب فلور ملز پر چھاپہ مارا اور چوہدری گلزار کو موقع پر گرفتارکالی فلور مز مالک آٹا بغیر ریکارڈ کے دکانداروں کو فروخت کر رہا تھا جو 20کلوگرام وزن کے آٹے کا تھیلا1160میں فروخت کیا جارہا تھا۔ فلور ملز کو سیل کر دیا گیا اور فلور مل میں موجود 1837آٹے کے تھیلے قبضے میں لے لئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی ہیرا پھیری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث پورے مافیا کو بے نقاب کیا جائے گا‘ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھر پور ایکشن کا حکم دے دیا گیا۔ میراں فلور مل پر چھاپہ مارا اور اسے سیل کر دیا۔ پرنٹ‘ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کو جاری کی گئی لسٹ میں 600دکانوں کی تفصیل شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن