مذہبی طبقے کی جہالت سے کرونا پھیلا، ہمیں کہتے ہیں اللہ کا عذاب، توبہ کریں: فواد چوہدری
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت سے کرونا کی وباء پاکستان میں پھیلی ہے۔ فواد چودھری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے عالمی وباء پاکستان میں مذہبی طبقے کی جہالت کی وجہ سے پھیلی ہے۔ اب یہ ہمیں کہتے ہیں اللہ کا عذاب ہے‘ توبہ کریں۔ انہوں نے کہا اللہ کا عذاب جہالت ہے جو ان لوگوں کی صورت میں ہم پر مسلط ہے۔ علم اور عقل رکھنے والے علماء اللہ کی نعمت ہیں۔ ان کی قدر کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ جہلا کو عالم کا درجہ دینا تباہی ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا میں اس وقت کرونا وائرس پر 66 سٹڈیز چل رہی ہیں۔ ان میں سے 43 نئی ویکسین‘ 16 نئی اینٹی بائیوٹکس کو فوکس کئے ہوئے ہیں۔ دنیا کے تمام بڑے ہیلتھ ریسرچرز اس ریسرچ پر فوکس کئے ہوئے ہیں۔ پاکستان بھی ان کوششوں میں شامل ہے۔