کرونا وائرس ‘ پارلیمانی کمیٹی قائم‘ سربراہ اسد قیصر قومی اسمبلی 12 ، سینٹ سے 13 ارکان شامل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کے سربراہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ہوں گے جبکہ کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 12 اور سینیٹ سے 13 ارکان شامل ہوں گے۔پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے پارلیمانی کمیٹی میں بلحاظ عہدہ پرویز خٹک، اسد عمر، اعظم سواتی، مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی شامل ہیں۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس سے متعلق معاملات کا جائزہ اور نگرانی کرے گی، پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس سے ملکی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی جائرہ لے گی۔کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، خالد مقبول صدیقی، چوہدری طارق بشیر چیمہ، شیخ رشید، خواجہ آصف ، راجہ پرویز اشرف، اسعد محمود بھی شامل ہیں۔خالد حسین مگسی بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور اخترمینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کی نمائندگی کریں گے، غوث بخش خان مہر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی اے ڈی) اور شاہ زین بگٹی جمہوری وطن پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔کمیٹی کورونا وائرس کے بارے میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی، عمل درآمد کی بہتری کے لیے تجاویز مرتب کرے گی اور ذیلی کمیٹی بھی قائم کرے گی جو ٹی او آرز مرتب کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ دونوں ایوانوں میں پیش کرے گی۔