• news

پوری قوم کو کرونا سے نمٹنے کیلئے ایک ہونا ہوگا: فردوس عاشق

اسلام آباد (وقا ئع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاتے ہوئے چالیس سے زائد شہری سہولیات شہریوں کو ان کی دہلیز تک پہنچانا وزیر اعظم عمران خان کے عوام دوست حکومت کے وژن کا عملی ثبوت ہے، عوام کی خدمت پر مبنی مستعد اور متحرک نظام کی تشکیل وزیر اعظم کا اصل مقصد ہے۔ جمعرات کو معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کا منفرد ایپ کے اجراء کا اقدام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی سہولیات میں اضافہ کرنے کا آئینہ دار ہے، یہ ایپ شہریوں کو ان کے گھروں میں ان کے مسائل کی حل کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو گی، عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، اپنی ضروریات کی تکمیل کیلئے آن لائن رابطہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو کورونا وائرس کی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک ہونا ہے،ہرفرد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کی بدولت شہری کسی بھی فارمیسی میں ماسک کی کمی یا مہنگے داموں فروخت کی نشاندہی کر سکیں گے۔ یہ ایپ تمام متعلقہ اداروں میں کوارڈینیشن اور ہم آہنگی کو فروغ دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن