آٹے سمیت کسی چیز کی قلت نہیں، عثمان بزدار، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مرکز میں 550 زائرین کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور منفی ٹیسٹ کے بعد زائرین کو ان کے گھروں میں روانہ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے اشیائے ضروریہ کی سپلائی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے میں آٹے سمیت کسی چیز کی کوئی قلت نہیں۔ صوبہ بھر میں آٹے اور دیگر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیازکارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو کسی بھی صورت ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ وزیر اعلی نے فوڈ سپلائی چین کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں نئی ٹیسٹنگ لیبز جلد فنکشنل ہو جائیں گی۔ نئی لیبز کے قیام کے لئے 62 کروڑ روپے محکمہ صحت کو جاری کر دیئے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں 3000 بستر کرونا وائرس کے مریضوں کیلئے مختص کر دیئے ہیں۔ جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی 3000 بستروں کی سہولت کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ صوبے کے تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کی میپنگ کر کے 50 ہزار مزید بستروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے حفاظتی لباس اور ضروری طبی آلات کی خریداری کیلئے محکمہ صحت کو 12 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں۔ زکوٰۃ کی کٹوتی کا عمل ایک ماہ قبل شروع کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو باقاعدہ درخواست بھجوا دی ہے۔ اجلاس میں صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کے سٹاک اور سپلائی پر غور کیا گیا- عثمان بزدارنے سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کرکے چین کی جانب سے حکومت سندھ کو عطیہ کئے جانے والے ایک لاکھ کے این 95 ماسک پنجاب حکومت کو بھجوانے پر سندھ کے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر سٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں اور قوم مشکل کی گھڑی میں مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ پنجاب حکومت ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دے گی۔ اضافی تنخواہ خصوصی رسک الاؤنس کی مد میں دی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے انسانی بس میں جو ممکن ہے، وہ ہم نے کیا ہے۔ عوام کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے آئندہ بھی ہرضروری اقدام کیا جائے گا۔مشکل وقت میں صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔آزمائش کی گھڑی میں اپنے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔