• news

پیپلز پارٹی‘ سندھ حکومت کسی ضرورت مند کو تنہا نہیں چھوڑینگے: بلاول

کراچی (سٹاف رپورٹر) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ ہے۔ وہ عوام سے ہیں اور عوام ان سے ہے۔ ایسے کڑے وقت میں پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کسی ضرورت مند کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا۔ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے سعید غنی بھی ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں یومیہ اجرت کمانے والے پریشان نہ ہوں، پاکستان پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ایک ایک مزدور کے گھر پہنچے اور اسے راشن دے اور گھروں کی دہلیز پر یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن پہنچایا جائے۔ بلاول نے سندھ حکومت کے ذمہ داران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ سندھ کے کسی مزدور کے گھر میں فاقے نہیں ہونے چاہئیں۔ بلاول نے سندھ کے زکوٰۃ مستحقین کے حوالے سے بھی استفسار کیا جس کے جواب میں سندھ حکومت کے ذمہ داران نے انہیں بتایا کہ ایک لاکھ زکوٰۃ مستحقین کو ان کے اکائونٹس میں پیسے منتقل کردئیے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن