• news

قومی کرکٹرز بابر اعظم ‘امام الحق گھر میں ہی ٹریننگ کرنے لگے

لاہور(نمائندہ سپورٹس )قومی کرکٹرز نے کرونا وائرس کی وجہ سے گھر پر ہی ٹریننگ کرنے کیساتھ دیگر مصروفیات اختیار کی ہوئی ہیں۔پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان دنوں گھر پر ہی قائم جم میں فزیکل ٹریننگ میں مصروف ہیں۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فزیکل ٹریننگ کریں پھر اس کے معجزے دیکھیں، لوگ ویڈیو شیئر کریں اور ایک دوسرے کو بتائیں کہ وہ خود کو کس طرح فٹ رکھ رہے ہیں۔ کرونا وائرس سے بچنے کیلئے حکومت نے جو ہدایات دی ہیں اْس پر سختی سے عمل کریں۔نوجوان بیٹسمین امام الحق بھی ان دنوں گھر پر ٹریننگ کررہے ہیں۔فاسٹ بائولر جنید خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے مگر فزیکل ٹریننگ کی نہیں بلکہ اس ویڈیو میں وہ بچے کے بالوں میں کنگھی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے بھی گھر میں رہنے کیلئے مصروفیت ڈھونڈ نکالی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن