• news

حکومت فری پرنٹ میڈیا کیلئے 5 نکاتی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے: اے پی این ایس

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) اے پی این ایس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان نے فری پرنٹ میڈیا کی بقاء کیلئے 5 نکاتی ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ایک جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے 25 مارچ کو اقتصادی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا گیا جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ مختلف کاروباروں کو مزید ریلیف دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنٹ میڈیا کی نمائندہ باڈی ہونے کی حیثیت سے اے پی این ایس حکومت کی توجہ ریاست کے چوتھے ستون پریس کو درپیش قومی ایمرجنسی کی جانب دلا رہی ہے۔ باڈی محسوس کرتی ہے کہ صورتحال کی بہتری کیلئے فوری طور پر پرنٹ میڈیا کیلئے پانچ نکاتی بیل آؤٹ پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اس پرنٹ ایڈورٹائزنگ کیلئے آئندہ 3 ماہ کیلئے ماہانہ ایک ارب روپے خصوصی طو رپر مختص کرے جس کا تعلق کرونا وائرس کے تناظر میں صحت عامہ اور اسے شکست دینے کے عزم کو مضبوط بنانے سے ہو۔ وفاقی حکومت اور پنجاب و خیبر پی کے کی صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ فوری طور پر ایڈورٹائزنگ کی مد میں پرنٹ میڈیا کو طویل عرصہ سے معرض التواء میں چلے آ رہے بقایا جات ادا کریں تاکہ اخبارات کے ملازمین کو ادائیگی کی جا سکے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اشتہارات کے سرکاری نرخوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ اضافہ ایک عرصہ سے واجب الادا ہے اور کمرشل اشتہارات کی جانب سے دیئے گئے نرخوں کی نسبت نصف سے بھی کم ہے، اخبارات کے دفاتر اور پریس مشینوں کیلئے بجلی کی فراہمی پر نیپرا ٹیرف میں 50 فیصد کمی کی جائے اور ایف بی آر کو روراں مالی سال کیلئے اخبارات پر عائد 1.5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن