حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، مخیّر حضرات آگے آئیں: بلاول
کراچی (سٹاف رپورٹر) بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے اضلاع میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی تفصیلات سے آگاہی شروع کردی ہے۔ لاڑکانہ میں ویڈیو لنک اجلاس ہوا ، پارٹی سربراہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت لاڑکانہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ غریب افراد کو لاک ڈائون کے دوران راشن کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا۔ لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر نافذ کرنے سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے ایسی شخصیات کو استعمال کیا جائے جن کا مقامی سطح پر اثروسوخ ہے۔ بلاول بھٹو کے استفسار پر بتایا گیا کہ لاڑکانہ میں چار قرنطنیہ مراکز بنائے گئے، جہاں 83 افراد موجود ہیں۔ لاڑکانہ میں کرونا وائرس کے سات کیس سامنے آئے ہیں۔ چھ سو سے زائد افراد ایران اور عرب ممالک سے واپس آئے جن کا ٹیسٹ کیا گیا۔فصلوں کی کٹائی کے دوران لاڑکانہ میں کسانوں کے درمیان سماجی فاصلے کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مقامی کسانوں کی مدد کرتے ہوئے فوڈ سپلائی کے نہ ٹوٹنے کو ممکن بنایا جائے۔ ایسے بحران کے موقع پر لاڑکانہ میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ لاک ڈاؤن کے دوران پولیس شہریوں سے اپنے روئیے کو ہر ممکن حد تک بہتر بنائے۔پولیس کے پاس زیادہ اختیارات کا مطلب کہیں بھی یہ نہیں کہ اس کا غلط استعمال ہو۔