چین سے مزید58 ہزار کورنا ٹیسٹنگ کٹس، لاکھوں ماسک اور دیگر سامان پاکستان پہنچ گیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) خطرناک کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہمسایہ ملک چین سے ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر طبی سامان پر مشتمل دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چین سے ایک جہاز 56 ہزار ٹیسٹنگ کٹس‘ این 95 ماسک اور دیگر طبی سازوسامان لیکر کراچی پہنچ گیا جوکہ علی بابا اور جیک ما فائونڈیشن کی طرف سے آنے والے سامان کی یہ دوسری کھیپ ہے۔ اس کے علاوہ خنجراب پاس کے ذریعے بھی طبی سامان پاکستان کے حوالے کیا گیا ہے۔ کراچی پہنچنے والا سامان جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وصول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چین سے مزید طبی سازوسامان جلد وصول ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 25 مارچ کو بھی چین سے این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لیکر ایک طیارہ کراچی پہنچا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں علی بابا کے بانی جیک مانے پاکستان سمیت چند ایشیائی ممالک کو کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امدادی سامان دینے کا اعلان کیا تھا۔ کراچی کیساتھ ساتھ آج چین سے خنجراب پاس کے ذریعے طبی سامان کی ایک کھیپ پاکستان کے حوالے کی گئی۔ چین سے کرونا وائرس کے انسداد سے متعلق امدادی سامان خنجراب ٹاپ پر پہنچ گیا جس میں 5 وینٹی لیٹرز‘ 2 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور لاکھوں ماسک شامل ہیں۔ میڈیکل سامان چینی صوبے سنکیانگ کے گورنر کی طرف سے بھیجا گیا ہے جسے وصول کرنے کیلئے آج پاک چین سرحد خصوصی طورپر کھولی گئی تھی۔