• news

کرونا: اٹلی ، ایک دن میں 919 افراد ہلاک، سپین 493 ، 200 ملک متاثر

اسلام آباد + بیجنگ + واشنگٹن + دہلی + تہران (شنہوا + نیشنل رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 64 ہو گئی۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 25422 ہو گئی۔ ایک لاکھ 29 ہزار 357 افراد کرونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں مزید 87 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 1382 ہو گئی۔ مزید 7716 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 93 ہزار 151 ہو گئی۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے نو ہزار 134 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 80 ہزار 589 ہے۔ سپین میں کرونا سے مزید 493 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 4858 ہو گئی۔ سپین میں کرونا کے مزید 6273 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 69 ہزار 59 ہو گئی۔ ایران میں کرونا سے مزید 144 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 2348 ہو گئی۔ مزید 2926 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 32332 ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس سے مزید 181 افراد انتقال کر گئے جس سے برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 759 ہو گئی۔ ایک روز میں برطانیہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی اب تک سب سے بڑی تعداد ہے۔ متاثرین کی تعداد 14579 ہو گئی۔ سعودی عرب میں کرونا کے مزید 92 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1104 ہو گئی۔چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والی عالمگیر وباء کرونا وائرس نے دنیا کے 200 ممالک اور خطوںکو اپنی لپیٹ میں لیاجبکہ دنیا بھر میں ہلاکتیں 25ہزار سے زائد ہوگئیں، امریکہ نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور وہ کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں والا ملک بن گیاجہاں مجموعی مریضوں کی تعداد86 ہزار کے قریب پہنچ گئی ، برطانوی وزیراعظم اورفلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ چین میں کرونا وائرس کے 55 نئے مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے صرف ایک مقامی ا ور دیگر درآمد شدہ ہیں ،چین نے غیر ملکیوں کا چین میں داخلہ عارضی طور پر معطل اورآسٹریلیا نے بیرون ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو قرنطینہ کر نے کا اعلان کیا ہے، فِجی نے کرونا وائرس کا پھیلا ئو روکنے کیلئے ملک بھر میں کرفیو لگا دیا ،افغانستان میں 2غیر ملکی سفارتکاروں اور نیٹو مشن دفتر کے 4 سرکاری اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق جبکہ ملک میں 11نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد کرونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد91ہوگئی۔ جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مرکز برائے سسٹمز سائنس اور انجینئرنگ(سی ایس ایس ای) کے مطابق امریکہ میں امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام 6بجے تک نوول کرونا وائرس کے 82 ہزار404 مصدقہ مریضوں کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔ سی ایس ایس ای کے مطابق امریکہ نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور سب سے زیادہ مریضوں والا ملک بن گیا ہے۔ مرکز کے مطابق5 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مریضوں کی تعداد میں 10ہزار کا اضافہ ہواہے۔ ریاست نیویارک ملک میں وباء کا مرکز بن گیا ہے جہاں پر 37ہزار802 مصدقہ مریضوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ نیوجرسی میں 6ہزار876 اور کیلیفورنیا میں 3 ہزار802 مصدقہ مریض ہیں۔281 ہلاکتیں نیویارک اور 100ہلاکتیں واشنگٹن کی کنگز کائونٹی میں ہوئی ہیں۔ سی ایس ایس ای کے مطابق پوری دنیا میں نوول کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5لاکھ 26 ہزار44 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 23 ہزار709 ہوگئی۔کمیشن کے مطابق جمعرات کے روز مین لینڈ پر 5 ہلاکتیں اور 49 نئے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، تمام ہلاکتیں صوبہ ہوبے میں ہوئیں۔ جمعرات کے روز 537 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا جبکہ شدید کیسز کی تعداد 201 کم ہو کر 1034 رہ گئی۔ جمعرات کے اختتام تک چینی مین لینڈ میں مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 81 ہزار340 تک پہنچ گئی ہے جن میں 3ہزار 460 مریض اب بھی زیر علاج ہیں، 74 ہزار588 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد فارغ کیا گیا ہے جبکہ 3ہزار 292 افراد اس بیماری کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ 1 سو89 افراد کے بارے میں وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔چین کے شہر ووہان میں شا ہرا ہوں کے خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی میں روزانہ 10فیصد اضافہ ہورہا ہے کیونکہ ووہان میں کام اور پیدوار کی بحالی میں تیزی آنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ کام پر واپس آرہے ہیں۔ چین نے درست چینی ویزہ کے حامل یا رہائش کااجازت نامہ رکھنے والے غیر ملکیوں کا چین میں داخلہ عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ فیصلہ کا اطلاق 28 مارچ 2020 کو رات12بجے سے شروع ہو گا۔ نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کے مزید76 کیسز کی تصدیق کی ہے۔ تعداد 368 ہوگئی ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے اعلان کیا ہے کہ اتوار سے آسٹریلیا میں آنے والے ہر شخص کو لازمی طور پر 2ہفتوں کے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ موریسن نے جمعہ کی سہ پہر کہا کہ ملک میں آ نے والے تمام مسافرو ں کو ہوٹلوں میں لازمی طور پر قرنطینہ سے گزرنا ہوگا۔ ادھر فِجی نے نوول کرونا وائرس کا پھیلا روکنے کیلئے اگلے سوموار کی رات سے ملک بھر میں کرفیو لگانے کااعلان کردیاہے۔ ادھر افغانستان کی وزارت عوامی صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں نوول کرونا وائرس کے 11نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ کل مریضوں کی تعداد91 تک پہنچ گئی ہے۔جمعہ کے روز عہدیدار کے مطابق 8نئے مریض ہرات اور 2مریض اس کے ہمسایہ میں واقعہ نیمروز میں سامنے آئے ہیں،ایک مریض مشرقی صوبہ ننگرہار میں ہے۔ مزید برآں 2غیر ملکی سفارتکاروں اور نیٹو کی سربراہی میں چلنے والے ریزولوٹ سپورٹ مشن کے افغانستان میں دفتر کے 4سرکاری اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 600 سے زائد تصدیق شدہ مریض سامنے آچکے ہیں اور 570 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اسپین میڈیا کے مطابق نائب وزیراعظم کارمن کالبو کے دو مرتبہ ٹیسٹ لئے گئے جو مثبت نکلے جس کے بعد ان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر نے نوول کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کو روکنے کے لئے جیلوں میں بھیڑ کو کم کرنے کے لئے تقریباً 11 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارت کے کرونا وائرس کے کل 694 کیسز میں سے 124 کیس اسی ریاست میں ہیں جو دیگر ریاستوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ ایران میں کرونا وائرس سے بچنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد مسلسل ممنوعہ کیمیکل پی رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بتائے جانے والے اس طریقہ علاج پر عمل کرنے سے اب تک سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حکام کے منع کرنے کے باوجود بڑی تعداد میں شہری میتھانول نامی صنعتی کیمیکل پی رہے ہیں اور اب تک ممنوعہ کیمیکل پینے سے 300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایک ہزار کے قریب کی حالت خراب ہے۔ امریکہ میں کرونا مریضوں کیلئے درکار وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کے باعث دو مریضوں کیلئے ایک ہی وینٹی لیٹر استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ملائیشیا میں شاہی محل کے سات ملازمین میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ملائیشیا میں اب تک 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 235 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 2021 ہو گئی۔ بھارت میں ڈاکٹر سمیت کرونا سے 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 784 ہو گئی۔اٹلی میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ 919 ہلاکتیں ہوئیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 9134 ہو گئی۔ اٹلی میں مزید 5909 افراد متاثر ہوئے۔ تعداد 86 ہزار 498 ہو گئی۔ چین میں 24 گھنٹوں میں کرونا سے 5 اموات ہوئیں۔

ای پیپر-دی نیشن