لاہور میں آٹے کی صورتحال بہتر‘ دیگر بڑے شہروں میں بحران
لاہور+گوجرانوالہ+نارنگ منڈی+نوشہرہ ورکاں+گکھڑ منڈی +کامونکے+بھکھی(کامرس رپورٹر+نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی +نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت) شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی فی کلو قیمت ایک روز میں ہی 33روپے بڑھ کر 175فی کلو‘ زندہ مرغی 121روپے جبکہ فارمی انڈے 123فی درجن فروخت ہونے لگے۔ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز آٹا فروخت کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آٹے کے ٹرک شہر کے 25پوائنٹس پر کھڑے کئے گئے ہیں۔ قطار مینجمنٹ پر عملددرآمد کو بھی یقینی بنایا گیا۔ ڈی سی لاہور نے کہا 18670بیگز تمام پوائنٹس پر بھجیے گئے۔ 13615آٹے کے بیگز فروخت کر دیئے گئے۔ 5055بیگز بچ گئے۔ گوجرانوالہ کے سٹورز پر آٹا بلیک میں فروخت جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مصنوعی بحران پر قابو پانے کیلئے شہر میں 49ٹرک پوائنٹ 58فیئر پرائس شاپس قائم کر دیں۔ شہریوں کو وہاں 20کلو آٹے کا تھیلا 805روپے میں ملے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹل سٹور‘ النورسٹور‘ امتیاز سٹور ودیگر شاپس پر 20کلو کا آٹے کا تھیلا 1400میں فروخت ہو تا رہا۔ جبکہ ڈی سی او کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس کے باعث شہر میں آٹے کے مصنوعی بحران پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔ نارنگ منڈی اور گردونواح میں آٹا دالیں سگریٹ اور ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں اچانک ہولناک اضافہ نے عوام کی چیخیں نکال دیں۔ گذشتہ روز سے تمام دالوں کے نرخوں میں بیس سے چالیس روپے تک جبکہ آٹا کا دس کلو کا تھیلہ چارسو اڑھائی روپے کی بجائے چار سو بیس سے ساڑھے چار سو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ گکھڑمنڈی میں انتظامیہ نے ریلوے روڈ راہوالی پر دوکان کے آگے گاہکوں کارش بنانے پر دوکان سیل کر دی۔ نوشہرہ ورکاں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں ہونے والے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر مقامی پولیس اور پاک آرمی کے ٹیم نے تحصیل نوشہرہ ورکاں کے مختلف دیہات میں کام کرنے والی تبلیغی جماعتوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ کامونکے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے والی مارکیٹ کمیٹی کے اہلکار لاک ڈاؤن کے دوران سرے سے غائب۔ شہریوں کو گراں فروشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ تاجران سبزیوں، پھلوں، گھی، آٹے اور چینی وغیرہ کے منہ مانگے ریٹ وصول کررہے ہیں۔