بنکوں میں رش کی کمی‘ چیک کلیئرنس کا دورانیہ چند منٹوں تک محدود
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بنک نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے بنکوں کی شاخوں میں رش کم کرنے کلئے سہولتوں کا اعلان کر دیا۔ اسٹیٹ بنک کے مطابق کسٹمرز چیک سے ادائیگی کرنے والوں کے بنک سے براہ راست وصولی کر سکیں گے کسٹمر کو چیک اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ رقم ادا کرنے والا بنک چیک کی تصدیق کرکے وصول کنندہ کے اکاؤنٹ میں آن لائن رقم منتقل کر سکے گا۔ چیک کی کلیئرنس کا دورانیہ چند منٹوں تک محدود کر دیا گیا۔ اس حوالے سے سٹیٹ بنک نے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ چیک کی ادائیگیاں رئیل ٹائم گراس‘ سیٹلمنٹ سسٹم یا اوور دی کاؤنٹر بنیادوں پر ہوں گی۔ دونوں اکائونٹس آن لائن ہونے کی صورت میں رقم اس وقت منتقل ہو سکے گی۔ سٹیٹ بنک نے بنکوں کو کسٹمرز کے گھروں سے چیک وصولی کی بھی اجازت دیدی۔ کسٹمر کی درخواست پر بنک رجسٹرڈ پتے پر چیک وصول کر سکیں گے۔ بنکوں کی شاخوں پر چیک جمع کرانے کیلئے خصوصی باکس بھی نصب ہوں گے کسٹمرز مخصوص شاخوں پر لگے باگس میں بھی چیک جمع کرا سکیں گے کارپوریٹ ادارے سکین شدہ چیک ای میل یا موبائل ریپبلکیشن سے جمع کر سکیں گے۔