زائرین کا معاملہ:خواجہ آصف کیخلاف زلفی بخاری کا قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے اثر و رسوخ استعمال کرکے زائرین کو وطن واپس لانے کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف کے الزام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیا ن میں زلفی بخاری نے کہاخواجہ آصف کے الزامات سفید جھوٹ ہیں۔اپوزیشن کے نمائندہ ہونے کے ناطے خواجہ آصف کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہ خواجہ آصف کسی اور ملک میں یہ الزام لگاتے تو جیل میں ہوتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت نے تفتان بارڈر پر پاکستانی زائر ین کے داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ایک ذمہ دار ریاست اپنے لوگوں کو کھلے آسمان تلے نہیں چھوڑ سکتی ۔ انہوں نے کہا تفتان میں قرنطینہ سہولیات کا بھی بندوبست کیا گیا تھا تاکہ کرونا وائرس نہ پھیل سکے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے مختلف غیر ملکی ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے انخلاء کا عمل شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا پاکستانی زائرین کو واپس لانے کے عمل میں میرا کوئی کردار نہیں۔خواجہ آصف کے الزامات سے میری ساکھ متاثر ہوئی ہے ان کے خلاف عدالت سے رجوع کر رہا ہوں۔