یوٹیلٹی سٹور ز اس مشکل گھڑی میںبھی قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہے : ایم ڈی
اسلام آباد (این این آئی)ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹور ز اس مشکل گھڑی کے دوران بھی قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔ ایک بیان میں عمر لودھی نے کہاکہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز عوام کی سہولت کیلئے کھلے ہیں، تمام سبسڈائزڈ اشیاء چینی ،آٹا ، چاول ،گھی اور دالیں وافر مقدار میں دستیاب ہیں ۔ عمر لودھی نے کہاکہ جہاں سے اشیاء کی کمی کی شکایات موصول ہوتی ہے اسکا فوری ازالہ کیا جاتا ہے ۔عمر لودھی نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین اپنی جان کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ،یوٹیلیٹی سٹورز کی سیلز میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام سٹورز پر اشیاء کی بروقت سپلائی کو یقینی بنایا گیاہے ۔