بجلی گیس بلوں میں ریلیف ، 110ارب یومیہ اجرت والوں کیلئے 200ارب ای سی سی میں بھی وزیراعظم کا پیکج منظور
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کرونا وائرس کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے 12 سو ارب روپے کا وزیراعظم معاشی پیکج منظور کر لیا۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی۔ کمیٹی نے کرونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکج منظور کرلیا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100 ارب روپے جبکہ زراعت اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ معاشی پیکج میں یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے 50ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔ ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے 70ارب روپے کی منظوری دے دی، بجلی اور گیس بلوں میں ریلیف کیلئے 110ارب روپے فراہم کئے جائیں گے، ہنگامی فنڈز کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 25ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔مستحقین کوکفالت پروگرام کے تحت بارہ ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔ ایف بی آر کو ریفنڈزکے اجراء کیلئے 75 ارب روپے دینے کی منظوری دی گئی۔ ایف بی آر کے یہ ریفنڈزگزشتہ دس سال سے زیر التوا تھے، اس رقم سے 6 لاکھ 76ہزارسے زائد افراد کو ریفنڈ ملیگا۔ ای سی سی نے وزارت تجارت کیلئے تیس ارب کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی، یہ رقم ٹیکسٹائل کے برآمدکندگان کو ڈیوٹی ادائیگیوں کی مد میں دی جائیگی۔ وزارت ریلوے کیلئے بھی 6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظورکی گئی جس سے ریلوے کے 70ہزار ملازمین کو تنخواہ ادا کی جائیگی۔