• news

ڈالر ایک روپیہ مہنگا‘ قیمت166روپے3ہفتوں میں199ارب کے نئے نوٹ چھاپے گئے

لاہور(کامرس رپورٹر) ملک میں تین ہفتوں کے دوران 199 ارب روپے سے زائد کے نئے نوٹ چھاپے گئے جس سے ملک میں زیر گردش نوٹوں کی تعداد 5 ہزار 857 ارب روپے کی بلند ترین تک پہنچ گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے مارچ کے پہلے تین ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 199 ارب 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے، جس کے باعث مارکیٹ میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت اس دوران 198 ارب 96 کروڑ 48 لاکھ روپے کے اضافے سے ملکی تاریح میں پہلی بار 58 کھرب 56 ارب 93 کروڑ 63 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ دریں اثناء کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 60 پیسے مہنگا ہو کر 166 روپے 14 پیسے کی ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی، ڈالر،، یورو،، پاونڈ سب مہنگے ہو گئے،، ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 166 روپے 50 پیسے تک فروخت ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 60 پیسے کے اضافے سے 166 روپے 14 پیسے رہی، جو ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ہے، یورو کی قدر 1 روپے 51 پیسے بڑھ کر 184 روپے 23 پیسے ، اور برطانوی پاونڈ کی قدر 3 روپے 60 پیسے بڑھ کر 205 روپے 77 پیسے ہو گئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران بھی ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 87 پیسے کا اضافہ رکارڈ کیا گیا تھا، ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 1 روپے کے اضافے سے 166 روپے ہو گئی، یورو کی قیمت فروخت 3 روپے کے اضافے سے 183 روپے، اور برطانوی پاونڈ کی قیمت 35 روپے کے اضافے 203 روپے ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن