بھارت میں لاک ڈائون ، ریاستی مشینری کرونا سے کہیں بڑا خطرہ بن چکی، ایمنسٹی ، ہیومن رائٹس واچ
نئی دہلی(این این آئی)انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے بھارت پر کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے دوران ضبط و تحمل سے کام لینے پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ ریاستی مشینری کورونا وائر کی وباسے کہیں بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے لاکھوں افراد پھنسے ہوئے ہیں جو خوراک اور پانی کی تلاش میں جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے ان افراد کیلئے ریاستی مشینری کورونا وائرس کی مہلک وبا سے کہیں بڑا خطرہ بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو اس وبا سے نمٹنے کیلئے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بجائے عوام دوست اقدامات کرنے چاہئیں۔ اویناش کمار نے کہاکہ بھارت کو قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کے حقوق کا احترام اور تحفظ کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ مناسب پناہ گاہ ، خوراک ، پانی اور صفائی ستھرائی جیسی ان کی بنیادی ضروریات پوری ہوں ۔ادھر ہیومن رائٹس واچ ایشیاء کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے بھی بھارتی حکومت پر ہر شہری کی خوراک اور علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی یقینی بنانے اورغریب اور پسماندہ افراد کا خیال رکھنے پر زوردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو مہلک وبا سے بچائے تاہم اس دوران انسانی حقوق کا خاص خیال رکھا جاناچاہیے