• news

حکومت کرونا کی روک تھام کیلئے میڈیکل ایمرجنسی نافذ‘ نگران کمیٹی بنائے: رحمنٰ ملک

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمنٰ ملک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں آنیوالے ہفتوں میں کرونا زیادہ پھیل سکتا ہے چنانچہ حکومت فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی لگا دے اور صورتحال سے نبٹنے کیلئے ایک 14 رکنی نگران کمیٹی قائم کر دے جس میں مختلف پروفیشنل ماہرین شامل ہوں۔ رحمنٰ ملک نے مزید کہا کہ چونکہ ملک میں تصدیق شدہ کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اس لئے ہیلتھ ایمرجنسی کی ضرورت ہے جبکہ انٹی کرونا وائرس کمیٹی کو وقتی طور پر ایک آرڈیننس کے ذریعے سے تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ اس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس جاری نہیں۔ انہوں نے کہا یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ اس وقت ملک کی سیاست بھی کرونا زدہ ہے اس کے علاوہ الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کا خاتمہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کرونا وائرس ٹیسٹ سرکاری طور پر کرائے جائیں یا بہت کم پیسے لئے جائیں کیونکہ عام آدمی ایک کرونا ٹیسٹ کیلئے 78 سو روپے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دوسرا اس کیلئے چند پرائیویٹ لیبارٹریاں مختص کی جائیں۔ انہوں نے کہا حکومت کو ٹیسٹ کرانکی خواہش رکھنے والے تمام افراد کیلئے ٹیسٹ سہولت نہ ہونے کی بات کر کے اخلاقی طور پر انہیں پست نہیں کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن