• news

سی سی پی او اور کمشنر کا رائیونڈ قرنطینہ سنٹر کا دورہ،انتظامات کی ہدایت

لاہور+رائیونڈ(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) سی سی پی او ذوالفقار حمید اور کمشنر لاہور سیف انجم نے رائیونڈ تبلیغی مرکز کے مشتبہ کرونا متاثرین کے قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی رائے بابر سعید، ڈپٹی کمشنر دانش افضال، ایس پی صدر غضنفر شاہ، اے ایس پی رائے ونڈ رضا تنویر بھی موجود تھے۔ سی سی پی او نے تبلیغی مرکز کے تمام گیٹس اور اجتماع گاہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی مرکز کے 328 شرکا قرنطینہ سنٹر حویلی میں موجود ہیں۔ انہوں نے تمام افراد کو ماسک، دستانے اور سینی ٹائزر استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تبلیغی مرکز کے تمام شرکا کی سکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ذوالفقار حمید نے واضع کیا کہ مذہبی اجتماعات سمیت ہر قسم کے اکٹھ پر پابندی ہے۔ کرونا کا پھیلائو روکنے کیلئے پابندیوں کو رضاکارانہ نافذ کرنا ہوگا۔ رائے ونڈ سے نامہ نگارکے مطابق ڈی آئی جی آپریشن لاہور نے تبلیغی مرکز پنڈال کا دورہ کیا ،رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی ہمراہ تھے ،انہوں نے کورونا سے متاثرہ مشتبہ افراد کی تشخیص کیلئے تبلیغی مرکز میں مقیم مقامی 600کو کالو شاہ کاکو بھجوایا جبکہ غیر ملکی 300افراد کو تبلیغی مرکز پنڈال میں بنائے گئے قرنطینہ سنٹر میں رہنے کی ہدائت کی ،تبلیغی پنڈال میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں مشتبہ افراد کو الگ الگ رکھا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن