انسانی ضرورت کی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع کو حرام قرار
لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان علماء کونسل اور دارالافتاء پاکستان نے انسانی ضرورت کی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع کو حرام قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر حضرات فوری طور پر انسانی ضرورت کی روز مرہ کی اشیاء کو عوام الناس کو مہیا کریں اور حکومت ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لے اور ان کی اشیاء کو ضبط کر کے مستحقین میں تقسیم کر دے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسد زکریا قاسمی ، علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا مفتی محمد عمر فاروق ، مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی ، مولانا مفتی حفیظ الرحمن ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ زبیر عابد، مولانا حسین احمد درخواستی اور دیگر اکابر علماء و مشائخ کی طرف سے جاری کردہ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور عوام الناس کے استعمال کی چیزوں کا ذخیرہ کرنا شرعی طور پر نا جائز ہے اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالے سے اللہ اور اللہ کے نبیؐ نے بیزاری کا اعلان کیا ہے۔